ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی نے پیر 24 جون کو اپنے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ آج تہران میں ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا ۔
انھوں نے لکھا ہے کہ ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں رکن ملکوں کے نمائندوں اور ایشیا کی بین الحکومتی تنظیموں کے مندوبین نے فورم کی سرگرمیوں اور اس کے مستقبل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے نگراں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تنظیم کے تہران اجلاس میں پہلی بار ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کی سرگرمیوں کے اصول وضوابط اور آئین سے متعلق دو دستاویزات کو منظوری دی گئی ۔
انھوں نے کہا ہے کہ اس اجلاس سے ثابت ہوگیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایشیا میں تعاون اور یک جہتی نیز کثیر جہتی نظام کی تقویت کے لئے ہر موقع سے فائدہ اٹھاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کے وزرائے خارجہ کا انیسواں اجلاس پیر 24 جون کو تہران میں منعقد ہوا جس میں رکن ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے 41 وفود نے شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ